تکفیریوں کا خطرہ جاری رہنے کے بارے میں حزب اللہ کا انتباہ
Aug ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹو کونسل کے نائب سربراہ شیخ نبیل قاووق نے تکفیریوں سے لبنان کو لاحق خطرہ جاری رہنے کے بارے میں انتباہ دیا ہے-
اطلاعات کے مطابق شیخ نبیل قاووق نے اتوار کے روز لبنان کے جنوبی علاقے تول الجنوبیہ میں ایک تقریب میں کہا، اس کے باوجود کہ حزب اللہ کے سامنے تکفیری دہشت گرد گروہوں داعش اور جبہۃ النصرہ کے منصوبے ناکام ہو گئے ہیں لیکن ان کا خطرہ بدستور باقی ہے- انہوں نے کہا کہ لبنان کے چودہ مارچ گروپ کی اسٹریٹیجی یہ تھی کہ خاموش رہ کر اور حالات کو آسان بنا کر مشرقی لبنان میں تکفیری دہشت گردوں کی دراندازی کا راستہ کھولا جائے لیکن لبنانی عوام، فوج اور حزب اللہ کی اسٹریٹیجی نے اس علاقے پر دہشت گردوں کے قبضے کی کوشش کو ناکام بنا دیا- شیخ نبیل قاووق نے کہا کہ جب تک بعض عرب ممالک کی طرف سے تکفیری گروہوں کی مالی اور اسلحہ جاتی مدد جاری رہے گی ان کے خلاف جنگ برسوں تک جاری رہے گی- ان کا کہنا تھا کہ لبنانی عوام بھی اس حقیقت سے آگاہ ہو چکے ہیں کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے والے کون ہیں-