لبنانی فوج اور حزب اللہ کی بعض شخصیات کو قتل کرنے کی کوشش کا اعتراف
Aug ۲۸, ۲۰۱۵ ۲۱:۰۹ Asia/Tehran
لبنان کے انتہاپسند سلفی مولوی احمد الاسیر نے حزب اللہ کی اہم شخصیات اور فوجی افسروں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کا اعتراف کیا ہے
لبنان کے روزنامہ الاخبار کے مطابق لبنان کے انتہاپسند سلفی مولوی احمد الاسیر نے جسے سیکورٹی اہلکاروں نے چند روز قبل گرفتار کیا ہے، فوج کے بعض افسروں اور حزب اللہ و تحریک امل کے بعض رہنماؤں کو قتل کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کا اعتراف کیا ہے- انتہاپسند سلفی مولوی احمد الاسیر نے جو اس سے قبل بھی لبنان میں متعدد جرائم کا ارتکاب کر چکا ہے، اعتراف کیا ہے کہ اسے سعودی عرب کی خفیہ ایجنسی کی مدد و حمایت حاصل رہی ہے- لبنانی سیکورٹی اہلکاروں نے ابھی حال ہی میں انتہاپسند سلفی مولوی احمد الاسیر کو بیروت کے بین الاقوامی ھوائی اڈے سے اس وقت گرفتار کیا ہے جب وہ زنانہ لباس میں فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا- شیخ احمد الاسیر جو لبنان کے سیکورٹی اہلکاروں اور فوجی جوانوں کے قتل میں ملوث رہا ہے، صیہونی حکومت کے مخالف محاذ بالخصوص حزب اللہ لبنان اور شام کے خلاف اقدامات اور داعش و جبھۃ النصرہ تکفیری دہشت گردوں کی حمایت کرتا رہا ہے- لبنان کی عدلیہ، دو ہزار چودہ میں شیخ احمد الاسیر اور اس کے ترپن دیگر ساتھیوں کو فوج اور متعدد فوجی افسروں کے خلاف مجرمانہ اقدامات کے الزام میں موت کی سزا سنا چکی ہے-