صدر کے عہدے کے لئے میشل عون بہترین شخص؛ حزب اللہ لبنان
Aug ۲۹, ۲۰۱۵ ۲۰:۳۵ Asia/Tehran
حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ وہ صدر کے عہدے کے لئے قومی آزادی پارٹی کے سربراہ میشل عون کی حمایت کرے گی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے ایک سینیئر رہنما شیخ نبیل قاووق نے اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ لبنانی عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے، میشل عون کو صدر کے عہدے کے لئے مناسب سمجھتی ہے۔ شیخ نبیل قاووق نے زور دے کر کہا کہ حزب اللہ اور میشل عون کے اسٹریٹیجک اتحاد کو ختم کرنے کی مذموم کوششیں ناکام رہیں گی۔ انھوں نے لبنان کی موجودہ بحرانی صورتحال اور بدعنوانیوں کا ذمہ دار سعد حریری کی قیادت والے چودہ مارچ گروہ کو ٹھہرایا ہے۔ واضح رہے کہ پچیس مئی دو ہزار چودہ کو لبنان کے سابق صدر کا دور صدارت مکمل ہو گیا تاہم، ایک مشترکہ امیدوار پر عدم اتفاق کی وجہ سے یہ ملک سیاسی تعطّل کا شکار ہو گیا ہے۔ لبنان کے آئین کے مطابق، پارلیمنٹ کے ارکان کی ذمہ داری ہے کہ وہ مارونی عیسائی امیدواروں میں سے کسی ایک شخص کو صدر کے طور پر منتخب کریں۔