صیہونی فوجیوں کی بربریت جاری، مصطفی برغوثی سمیت متعدد فلسطینی زخمی
Aug ۳۰, ۲۰۱۵ ۲۱:۴۸ Asia/Tehran
-
صیہونی فوجیوں نے فلسطین کی قانون ساز کونسل کے ایک رکن کو زخمی کر دیا ہے۔
صیہونی فوجیوں نے فلسطین کی قانون ساز کونسل کے ایک رکن کو زخمی کر دیا ہے۔
المیادین ٹی وی کے مطابق، صیہونی فوجیوں نے فائرنگ کر کے فلسطین کی نیشنل اینیشی ایٹو موومنٹ کے سیکریٹری جنرل اور فلسطین قانون ساز کونسل کے رکن مصطفی البرغوثی کو زخمی کر دیا۔ یہ واقعہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں پیش آیا ہے۔دوسری جانب صیہونی فوجیوں نے تشدد کا سلسلہ اتوار کے دن بھی جاری رکھتے ہوئے متعدد فلسطینیوں کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے یعبد گاؤں میں چار فلسطینیوں کو گولیوں کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا۔ صیہونی فوجیوں نے اتوار کے دن فلسطینی عیسائیوں کے عبادتی اور دعائیہ پروگرام پر حملہ کرکے متعدد عام شہریوں کو زخمی اور کئی کو گرفتار کر لیا۔
ایک اور واقعے میں صیہونی فوج کے اہلکاروں نے صیہونی دیوار کی تعمیر کے خلاف ہونے والے مظاہروں کو آنسو گیس اور کریکر کا نشانہ بنا کر کچلنے کی کوشش کی۔ مظاہرے کے شرکا کا تعلق بیت لحم کے عیسائی اکثریت کے دیہاتوں سے تھا۔ صیہونی فوجیوں نے لگاتار دوسرے ہفتے بھی فلسطینیوں کو مسجد الاقصی میں داخل نہیں ہونے دیا۔
صیہونیوں نے مسجد الاقصی کے تمام دروازوں کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کر کے صیہونی آبادکاروں کے حملے کی راہ ہموار کر دی۔ ادھر غزہ پٹی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق، صیہونی حکومت نے بھاری ہتھیاروں سے فلسطینی ماہیگیروں فائرنگ کی۔ صیہونی فوجیوں کی جانب سے فائربندی کی خلاف ورزی کا یہ واقعہ، غزہ پٹی کے شمال مغربی ساحلی علاقے میں پیش آیا ہے۔