Aug ۳۱, ۲۰۱۵ ۲۱:۳۲ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی میں داخلے پر پابندی پر فلسطینی عوام سراپا احتجاج

مسجد الاقصی میں داخلے پر پابندی پر فلسطینی عوام سراپا احتجاج ہیں اور انھوں نے مسجد الاقصی کی حمایت میں صیہونی حکومت کی سازشوں کے خلاف دھرنا دیا ہے-

ارنا کی رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح صیہونیوں نے ایک بار پھر فلسطینی لڑکیوں اور خواتین کو مسجد الاقصی میں داخل ہونے سے روک دیا جس پر احتجاج کرتے ہوئے فلسطینی عوام نے باب السلسلہ کے سامنے دھرنا دے دیا۔ صیہونی فوجیوں نے گذشتہ چھے دن سے یہ رویہ اپنایا ہوا ہے کہ ظہر سے قبل فلسطینی خواتین اور لڑکیوں کو مسجد الاقصی میں داخل ہونے سے روک دیتے ہیں۔ دھرنا دینے والوں نے ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر مسجد الاقصی میں نماز کی ادائیگی کے حق پر زور دیا گیا تھا۔ احتجاج کرنے والی خواتین اور لڑکیاں اللہ اکبر اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا رہی تھیں۔ دھرنا دینے والوں نے ملت فلسطین اور مسجد الاقصی پر صیہونیوں کی جارحیت کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ واضح رہے کہ پیر کی صبح صیہونی آباد کاروں نے مسجد الاقصی پر ایک بار پھر حملہ کر کے اس مقدس مقام کی بےحرمتی کی۔ اس دوران انہیں صیہونی فوج کی مکمل حمایت بھی حاصل رہی۔ واضح رہے کہ مسجد الاقصی کے خلاف صیہونیوں کی مسلسل جارحیت کو لے کر فلسطینی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں صیہونی حکومت کے اقدامات کے بارے میں پوری دنیا کو خبردار کیا گیا تھا۔