مسجد الاقصی کے سلسلے میں شیخ صلاح کا انتباہ
Aug ۳۱, ۲۰۱۵ ۲۲:۰۲ Asia/Tehran
فلسطین کی تحریک اسلامی کے سربراہ نے کہا ہے کہ مستقبل میں مسجد الاقصی کو مشکل ترین حالات کا سامنا ہو گا-
نباء نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک اسلامی کے سربراہ شیخ رائد صلاح نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مستقبل قریب میں مسجد الاقصی کے خلاف غاصب اسرائیل کی جارحیتیں بڑھ جائیں گی- شیخ صلاح نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آئندہ مرحلہ، مسجد الاقصی کے لئے مشکل ہو گا- شیخ صلاح نے مسجد الاقصی کو زمان و مکان میں تقسیم کرنے کے غاصب صیہونی حکومت کے منصوبے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیل کے مذموم عزائم کا مقابلہ کریں گے اور مسجد الاقصی کے سلسلے میں اس کے توسیع پسندانہ مقاصد پورے نہیں ہونے دیں گے- تحریک اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ غاصب اسرائیلی حکومت بیت المقدس اور مسجد الاقصی کو پوری طرح یہودیت کا رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ فلسطینی، غاصب اسرائیل کے ساتھ رہنے کے لئے ہرگز تیار نہیں ہیں- شیخ صلاح نے اسرائیل کی غاصب حکومت کے منصوبوں اور مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے عرب دنیا اور امت مسلمہ کی جانب سے قدس کے شہریوں کی مزاحمت و استقامت کی حمایت کئے جانے پر تاکید کی-