Sep ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۸:۵۴ Asia/Tehran
  • بیروت کے ہنگاموں میں غیر ملکی عناصر کا ہاتھ ہے: لبنان کے وزیر داخلہ

لبنان کے وزیر داخلہ نے بتایا ہے کہ بائیس اور تیئیس اگست کے ہنگاموں میں غیر ممالک اور ان کے پٹھوؤں کا ہاتھ ہے۔

لبنان کے وزیر داخلہ نہاد المشنوق نے ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران کہا کہ بائیس اور تیئیس اگست کو دارالحکومت بیروت میں ہونے والی ہنگامہ آرائیوں میں ایک چھوٹے سے عرب ملک کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی پھیلانے والوں کو غیرملکی عناصر نے اکسایا اور ان کو مالی مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات انجام دینے کے بعد، اس بارے میں مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ نہاد المشنوق نے کہا کہ بائیس اور تیئیس اگست کے مظاہروں میں بعض عناصر نے ہنگامہ کرکے پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم کروانے کی کوشش کی تاہم، پولیس نے ان کی اس سازش کو ناکام بنا دیا۔ لبنان کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ بیروت میں ہونے والے ہنگاموں کے ملکی اور غیرملکی ذمہ داروں کے بارے میں بدھ کے روز بتایا جائے گا۔ نہاد المشنوق نے اپنے ٹی وی انٹرویو میں پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کی جانب سے نئی قومی گفتگو کی تجویز کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجویز درحقیقت صدارتی انتخابات کے انعقاد کے لیے بین الاقوامی درخواستوں کے جواب میں پیش کی گئی ہے اور اس کا مقصد لبنان کو موجودہ بحرانی حالات سے نکالنے کے لیے راہ حل تلاش کرنا ہے-