مظاہرین کے مطالبات جائز ہیں، امریکہ مداخلت سے باز رہے، لبنان
Sep ۰۷, ۲۰۱۵ ۱۸:۱۱ Asia/Tehran
لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے امریکی حکام پر لبنان کے عوام کو مظاہروں پر اکسانے کا الزام لگایا ہے۔
لبنان سے شائع ہونے والے اخبار "النہار " نے اپنے پیر کے دن کے شمارے میں لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کے حوالے سے لکھا ہے کہ بعض لبنانی مظاہرین محب وطن ہیں اور ان کے مطالبات جائز ہیں البتہ مظاہرین میں سے بعض کے امریکہ کے ساتھ رابطے ہیں۔ نبیہ بری نے مزید کہا کہ انہوں نے یہی بات لبنان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہل سے بھی صاف صاف کہی ہے۔ لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ لبنان میں تعینات امریکی سفیر نے اس بات کا دعوی کیا ہے کہ امریکی حکام نے لبنان کے عوام کو مظاہرہ اور احتجاج کرنے پر ہر گز نہیں اکسایا بلکہ وہ صرف آزادی بیان کے قائل ہیں۔ لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے ملک کے مظاہرین کے مطالبات کی حمایت کا بھی اعلان کیا۔ واضح رہے کہ لبنان میں کچھ عرصے سے پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع، دفاتر میں بدعنوانی اور سڑکوں پر موجود کوڑا کرکٹ نہ ہٹانے کی بنا پر وسیع عوامی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ لبنان میں صدر کا عہدہ بھی کافی عرصے سے خالی پڑا ہے۔