یمن: سعودی عرب کی بمباری میں بائیس ہندوستانی شہری مارے گئے
Sep ۰۸, ۲۰۱۵ ۲۱:۲۱ Asia/Tehran
ماہی گیروں کی کشتیوں پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کی بمباری میں بائیس ہندوستانی شہریوں کے مارے جانے کی خـبر ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یمن کے المسیرہ ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے خوخہ میں ماہی گیروں کی کشتیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بائیس ہندوستانی شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔المسیرہ ٹی وی نے اس خبر کی مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔ دریں اثنا سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے صوبہ اب میں واقع یریم شہر کے ایک رہائشی علاقے پر بمباری کی۔ جس میں بارہ عام شہری شہید ہوگئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ اس بمباری میں چون افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق یمن کے صوبہ تعز کے المخا شہر میں بارہ آئل ٹینکروں اور غذائی اشیا لے جانے والے ٹرکوں پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کی بمباری میں پانچ افراد شہید اور دس زخمی ہوگئے ہیں۔ منگل کے دن صبح کے وقت یمن کے دارالحکومت صنعا میں دو گھروں پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کی بمباری میں چار بچے شہید اور تین خواتین زخمی ہو گئیں۔