اسرائیل کے ایٹمی راز فاش کرنے والا پھر گرفتار
Sep ۱۰, ۲۰۱۵ ۱۴:۳۳ Asia/Tehran
صیہونی حکومت نے اپنے ایٹمی راز فاش کرنے والے کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔
صیہونی اخبار یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے ڈیمونا ایٹمی بجلی گھر کے ٹیکنیشین مردخای وانونو کو جنھیں ایٹمی راز فاش کرنے کے الزام میں اٹھارہ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، جمعرات کو رہائی کے قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں پھر گرفتار کر لیا گیا ہے-مرد خای وانونو نے گذشتہ جمعے کو اپنی آزادی کے بعد پہلی بار صیہونی ٹی وی چینل دو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ڈیمونا ایٹمی تنصیبات کی تصویریں لینے اور دنیا و مشرق وسطی کے عوام کو اس سے آگاہ کرنے کا فیصلہ ان کا اپنا تھا-
اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بدھ کو رپورٹ دی کہ مرد خای وانونو کو اسرائیلی ٹی وی چینل دو کو انٹرویو دینے کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے اور پولیس نے اس سے ایک بار پھر تحقیقات شروع کر دی ہیں-
ڈیمونا ایٹمی تنصیبات کے ٹیکنیشین کے عنوان سے ایک انگریزی اخبار میں شائع ہونے والا اس کا انٹرویو، اس راز کے فاش ہونے کا سبب بنا کہ ڈیمونا ایٹمی تنصیبات میں دو سو ایٹمی وار ہیڈز تیار کرنے کے لئے لازمی ایٹمی مواد تیار کیا گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد اسرائیل نے مردخای وانونو کو انیس سو چھیاسی میں گرفتار کرکے اٹھارہ سال قید کی سزا سنائی تھی۔صیہونی حکومت مشرق وسطی کی وہ واحد حکومت ہے جس کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں اور اس نے اب تک این پی ٹی معاہدے پر دستخط بھی نہیں کئے ہیں-