مسجدالاقصی پر حملہ، صیہونیوں کا جنگی جرم
Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۹:۲۵ Asia/Tehran
فلسطین کی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے رکن نے مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے حملے کو جنگی جرم سے تعبیر کیا ہے-
تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق نے کہا ہے کہ مسجد الاقصی پر صیہونیوں کا حملہ جنگی جرم اور اس کا مقصد اس مسجد کو زمان و مکان میں تقسیم کرنے کے منصوبے پر عمل کر کے اس کو مضبوط بنانا ہے- عزت الرشق نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ مسجد الاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم ، صیہونی دشمن کے سلسلہ وار جرائم کے تناظر میں انجام پا رہے ہیں، تاکید کی کہ صیہونی حکومت نے تمام حدیں پار کر لی ہیں لیکن فلسطینی اس مسجد کو زمان و مکان میں تقسیم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے- اسی سلسلے میں تحریک حماس کے سینیئر رہنما حسام بدران نے مسجد الاقصی پر صیہونی آبادکاروں اور غاصبوں کے حملے کے نتائج کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مزاحمت اور عوام ان جرائم کا جواب دیں گے- حسام بدران نے محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے موقف اور صیہونیوں کے جرائم کے سلسلے میں عرب ممالک کی خاموشی پر تنقید کی- سیکڑوں اسرائیلی فوجیوں نے اتوار کو مسجد الاقصی پر یلغار کرکے فلسطینی نمازیوں کو زدو کوب کیا جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی نمازی زخمی ہو گئے-