قومی آشتی کے سلسلے میں تحریک فتح کا موقف سنجیدہ نہیں ہے: تحریک حماس
Sep ۱۴, ۲۰۱۵ ۲۱:۳۴ Asia/Tehran
حماس کے ترجمان سامی ابو زہری نے کہا ہے کہ قومی آشتی کے سلسلے میں تحریک فتح کے موقف میں سنجیدگی نہیں ہے-
اطلاعات کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان سامی ابوزہری نے پیر کے روز کہا کہ تحریک فتح مفاد پرستانہ پالیسی پر بدستور اصرار اور قومی آشتی کے معاہدوں کو نظر انداز کر رہی ہے- انہوں نے کہا کہ محدود خود مختار فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس کے مشیر نمر حماد کا یہ بیان کہ فلسطین کی قومی کونسل کا اجلاس صرف فلسطین میں منعقد ہو گا، قومی آشتی کے بارے میں تحریک فتح کے غیر سنجیدہ موقف کی غمازی کرتا ہے- سامی ابو زہری نے کہا کہ حماس پر نمر حماد اور تحریک فتح کے سینئر ارکان کی بےجا اور غیر معقول تنقید کی کوئی اہمیت نہیں ہے- ان کا کہنا تھا کہ اس تنقید سے مزاحمت کو کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا کیونکہ یہ تنقید ان عہدیداروں کی طرف سے کی جا رہی ہے جن کا اسرائیل کے ساتھ سیکورٹی تعاون میں ہاتھ ہے- واضح رہے کہ نمر حماد نے حال ہی میں حماس پر قومی آشتی کے قیام کی مخالفت اور غزہ پٹی کے اقتصادی حالات میں بہتری اور کچھ مراعات کے عوض صیہونی حکومت کے ساتھ معاہدے کی کوشش کا الزام لگایا تھا-