Sep ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • فلسطینی مسجد الاقصی کی تقسیم کی اجازت نہیں دیں گے: عریقات

فلسطینی انتظامیہ کے اعلی مذاکرات کار نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کسی بھی طور پر صیہونی حکومت کو مسجدالاقصی کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے-

تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سیکریٹری صائب عریقات نے المیادین ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ فلسطینی مسلمان، اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتنیاہو کو ہرگز اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ مسجد الاقصی کی تقسیم کے منصوبے کو آگے بڑھا سکے کیوں کہ اگر وہ اس منصوبے پر عملدر آمد میں کامیاب ہوجاتا ہے تو پھر فلسطینیوں کےلئے کچھ بھی باقی نہیں رہ جائے گا- صائب عریقات نے کہا کہ نتنیاہو جانتا ہے کہ مسجد الاقصی کی تقسیم پر عملدر آمد، آگ سے کھیلنا ہے اور یہ اقدام تشدد، افراتفری، انتہا پسندی،اور خونریزی میں اضافے کاباعث بنے گا- فلسطین کے سینئر مذاکرات کار نے کہا کہ داعش اور اسرائیل کی دہشت گردی کے درمیان کوئی فرق نہیں پایا جاتا ہے اس لئے کہ جو جارح عناصر شام اور عراق میں صحافیوں کی گردنیں اڑا رہے ہیں ان میں اور ان جارحین کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے جو علی الدوابشہ جیسے کمسن بچے یا محمد ابوخضیر جیسے نوجوان کو زندہ آگ میں جلا رہے ہیں-