سعودی عرب اور اسرائیل میں فوجی تعاون کا انکشاف
Sep ۲۳, ۲۰۱۵ ۱۲:۴۲ Asia/Tehran
-
سعودی عرب اور اسرائیل میں فوجی تعاون کا انکشاف
امریکہ کے ایک سابق فوجی عہدیدار نے آل سعود اور اسرائیل کے درمیان اعلی سطحی فوجی اور لاجسٹک تعلقات کا انکشاف کیا ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی فوج کے سابق ترجمان اسٹیون وارن نے یہ انکشاف یو ایس نیوز نامی جرید کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ اسٹیون وارن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ اعلی سطح کے لاجسٹک تعلقات ہیں اور ہم سعودی عرب کو خطے میں امریکہ اور اسرائیل کا اسٹریٹیجک پارٹنر قرار دے سکتے ہیں۔امریکی فوج کے سابق ترجمان نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب یمن میں جو کلسٹر بم استعمال کر رہا ہے یہ وہی کلسٹر بم ہیں جنکا تجربہ امریکہ نے غزہ کی جنگ میں اسرائیل کے ذریعے کیا تھا۔
اسٹیون وارن کے مطابق امریکہ نے سعودی عرب اور اسرائیل دونوں کو تجربات کی غرض سے بڑے پیمانے پر کلسٹر بم فراہم کئے ہیں۔
امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ امریکہ نے خفیہ یادداشت کے ذریعے ایسے ہتھیاروں کے استعمال سے اتفاق کرلیا ہے جن کا استعمال عالمی سطح پر غیر قانونی ہے۔
دوسری جانب ہیومن رائٹس واچ نے بھی سعودی عرب کی قیادت میں قائم یمن مخالف اتحاد پر یمنی عوام کے خلاف کلسٹر بموں کے استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے استعمال کئے جانے والے بم امریکہ کے تیار کردہ ہیں اور ان کا استعمال سن دوہزار آٹھ کے عالمی سمجھوتے کے خلاف ہے جس پر ایک سو سولہ ممالک نے دستخط کئے ہیں۔