حزب اللہ لبنان کی طرف سے مسجدالاقصی پر اسرائیلی حملوں کی مذمت
Sep ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۲:۱۷ Asia/Tehran
حزب اللہ لبنان کی سیاسی کونسل کے سربراہ سید ابراہیم امین السید نے مسجدالاقصی پر اسرائیلی حملے جاری رہنے کی مذمت کی ہے-
اطلاعات کے مطابق سید ابراہیم امین السید نے حزب اللہ کے پارلیمانی گروپ کے اراکین سے ملاقات کے دوران مسجدالاقصی پر غاصب اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے اس ملاقات میں کہا کہ عرب ممالک اور عالمی برادری کی خاموشی نے اس غاصب حکومت کو مسجدالاقصی کے خلاف اقدامات میں شدت کی ترغیب دلائی ہے- انہوں نے کہا کہ عرب و اسلامی ممالک اور تنظیمیں مسئلہ فلسطین اور مسجدالاقصی کو اپنی پالیسی کی ترجیحات میں رکھیں اور اس مبارک مسجد پر صیہونیوں کی جارحیت روکنے کے لئے باہم متحد ہوجائیں- سید ابراہیم امین السید نے لبنان کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کے سیاسی گروہوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعہ لبنان کو موجودہ سخت حالات سے نجات مل سکتی ہے اور پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کی راہ بھی ہموار ہوسکتی ہے۔ واضح رہے کہ لبنان میں پچیس مئی دو ہزار چودہ کو میشل سلیمان کی مدت صدارت ختم ہونے کے بعد سے سیاسی خلا جاری ہے اور ملک کے سیاست داں اختلافات کی وجہ سے ابھی تک عہدۂ صدارت کے لئے کسی ایک نام پر متفق نہیں ہوسکے ہیں-