Sep ۲۹, ۲۰۱۵ ۲۱:۲۴ Asia/Tehran
  • اوسلو معاہدہ منسوخ کئے جانے کا تحریک جہاد اسلامی کا مطالبہ
    اوسلو معاہدہ منسوخ کئے جانے کا تحریک جہاد اسلامی کا مطالبہ

فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے اوسلو معاہدہ منسوخ کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سینئر رکن خالد البطش نے محدود خود مختار فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس سے اوسلو معاہدہ منسوخ کرنے اور فلسطین کے داخلی حالات میں بہتری کا مطالبہ کیا ہے۔

خالد البطش نے محمود عباس سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران اوسلو معاہدے کو منسوخ اور اس کے خطرنات نتائج کا اعلان کرکے فلسطین کے داخلی حالات کی بہتری کا آغاز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ محمود عباس کو عالمی برادری کے وعدوں پر خوش نہیں ہونا چاہئے کیونکہ یہی عالمی برادری انیس سو اڑتالیس سے فلسطینی قوم کے مشکلات و مصائب کی اصل ذمہ دار ہے۔

 خالد البطش نے کہا کہ مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کی جارحیت اور اس مبارک مسجد کے لئے وقت اور مقام کی تقسیم کی اس غاصب حکومت کی کوشش کے پیش نظر فلسطینیوں کے درمیان قومی اتحاد اور تعاون کی تقویت کے علاوہ صیہونی جارحیت سے مقابلے کا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ محدود خود مختار فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس بدھ کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سترویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔