Oct ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  • فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے حملے جاری
    فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے حملے جاری

فلسطین کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوجیوں کے حملوں کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا۔

الاقصی ٹی وی کے مطابق صیہونی فوجیوں نے جمعرات کی صبح غرب اردن کے شہر الخلیل کے علاقے نفوع پر حملہ کیا جس میں انھیں فلسطینیوں کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔


رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپ میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوجیوں نے اسی طرح شہر الخلیل کے شمال میں واقع العروب نامی گاؤں میں فلسطینی مظاہرین پر بھی حملہ کیا ہے۔


صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے قصبے یطا میں بھی حملہ کرکے کم سے کم گیارہ فلسطینیوں کو زخمی کردیا۔ ادھر طولکرم میں بھی صیہونی فوجیوں کےحملے میں متعدد فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ اسی کے ساتھ رپورٹ ہے کہ صیہونی آبادکاروں نے جمعرات کو بھی مسجد الاقصی پر حملہ کرکے اس کی بے حرمتی کی ہے۔


صیہونی فوجیوں نے جمعرات کو اسی طرح ، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، چار بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ غزہ کے قصبے بیت لاہیا پر حملہ کرکے علاقے میں سرچ آپریشن انجام دیا۔ اس دوران صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے بھی غزہ کے آسمان پر پرواز کی ۔

ٹیگس