سعودی عرب میں جرائم کی شرح میں اضافہ
Oct ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۹:۵۳ Asia/Tehran
سعودی حکومت کی وزارت داخلہ نے ملک میں جرائم میں اضافے کا اعتراف کیا ہے۔
لندن سے شایع ہونے والے اخبار الحیات آن لائن کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان منصور الترکی نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہ سعودی عرب میں جرائم میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے، غربت اور بے روزگاری کو اس کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ذالحجہ کے اختتام کے ساتھ ختم ہونے والے رواں سال میں، ملک میں چھیانوے ہزار جرائم کی وارداتیں ریکارڈ کی گئیں اور اوسطا روزانہ دوسو ستر جرائم انجام پائے ۔ منصور الترکی نے بتایا کہ چند روز میں ختم ہوجانے والے رواں سال میں صرف ستر فیصد مجرمین گرفتار کئے گئے۔ اس رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کا شمار ان شہروں میں ہوتا ہے جہاں زیادہ جرائم ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ اسی کے ساتھ سعودی عرب کے محکمہ جیل خانہ جات کے سربراہ علی الحارثی نے بتایا ہےکہ ریاض میں جرائم میں اضافے کی وجہ سے شہر کی جیلیں بھر گئی ہیں جن میں مزید قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش نہیں ہے۔