Oct ۳۱, ۲۰۱۵ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • شام میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
    شام میں دسیوں دہشت گرد ہلاک

شام کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف فوجی اور عوامی رضاکار فورس کے آپریشن میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

شامی ذرا‏ئع کے مطابق شمالی حما کے نواحی علاقے عشطان کے اطراف میں فوج اور دہشت گردوں کے درمیان گھمسان کی لڑا‏ئی جاری ہے جس کے دوران درجنوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ایک اور اطلاع کے مطابق صوبہ حسکہ میں تل حمیس کے علاقے میں شام کی کرد ملیشیا اور داعش کے دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہورہی ہیں۔


دوسری جانب شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستوں نے حلب شہر میں تل خیبر کے نواحی علاقوں، سلمیہ اور آثریا پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا ہے ۔ اسی کے ساتھ شامی فضائیہ نے صوبہ سویدا کے شمالی علاقوں تل اشھیب اور قصر نامی گاؤں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق، شامی فوج کے ایک دستے نے غوطہ شرقیہ کے علاقے مرج السلطان میں دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ کے ایک خفیہ ٹھکانے کا پتہ لگانے کے بعد اس پر حملہ کردیا۔ اس حملے میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دوما شہر میں بھی شامی فوج کے اچانک حملے میں جیش الاسلام نامی دہشت گرد گروہ کے متعدد کمانڈر مارے گئے ہیں۔


شامی فوج نے اسی طرح حزب اللہ کے جوانوں کے ساتھ مل کر دمشق کے نواحی علاقے داریا میں اجناد الشام نامی دہشت گرد گروہ کے نو اہم سرغنوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے اسی علاقے میں دہشت گردوں کے اجتماع پر حملہ کرکے سترہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔


دوسری طرف المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق روسی فوج نے قنیطرہ کے علاقے تل مسحرہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بمباری کرکے تباہ کردیا ۔ اس حملے میں درجنوں دہشت گردوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔


اعداد و شمار کے مطابق شام میں روس کے فضائی حملوں کے آغاز سے اب تک دہشت گردوں کے ایک ہزار دو سو تیئس ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں۔ روسی لڑاکا طیاروں نے پچھلے ایک ماہ کے دوران شامی فوج سے ہماہنگی کے ساتھ ایک ہزار تین سو مشن انجام دیئے ہیں اور شام میں داعش، جبہت النصرہ سمیت سب ہی دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔


عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ روسی فوج کے حملوں میں دہشت گردوں کے سرغنوں کے خفیہ ٹھکانوں، تربیتی مراکز، بم اور دیگر اسلحہ تیار کرنے کے کارخانوں ، مورچوں اور سیکڑوں فیلڈ سینٹروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ روس نے تیس ستمبر سے حکومت شام کی درخواست پر، اس ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد داعش سمیت سب ہی دہشت گرد گروہوں کا قلع قمع کرنا ہے۔

ٹیگس