یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت، یمن کے جوابی حملے
Nov ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۴:۵۱ Asia/Tehran
یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی جارحیت میں متعدد عام شہری شہید ہوگئے ہیں ۔ دوسری طرف یمن میں سعودی عرب کے دو طیارے گر کر تباہ ہوگئے ہیں۔ یمنی افواج نے اسی کے ساتھ ملک کے جنوبی حصے میں سعودی حکومت کے درجنوں زرخرید دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
یمن پر سعودی اتحاد کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ یمن کی خبررساں ایجنسی سبا کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے جمعے کو صوبہ صعدہ کے علاقوں، مخروق ، بقع ، ملیل اور شہر کتاف پر انیس بار بمباری کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق صعدہ کے علاقوں صوح اور قمح پر سعودی حکومت نے میزائل داغے ہیں اور گولہ باری کی ہے۔اس رپورٹ کے مطابق سعودی جارحین نے سرحدی شہر غمر کے علاقے الغور پر بھی میزائل اور مارٹرکے گولے داغے ہیں۔ سعودی حکومت کے ان حملوں میں متعدد عام شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔
دوسری طرف یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان اپنے جوابی حملے میں سعودی صوبے عسیر کے علاقے ربوعہ میں داخل ہو گئے اور سعودی فوج کے ایک مرکز پر حملہ کرکے بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس کے جوانوں نے اسی طرح جیزان، نجران اور عسیر میں سعودی فوج کے مراکز پر میزائلی حملے کرکے بھی درجنوں سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یمن نے اسی کے ساتھ رقابۃ المجازرہ نامی علاقے میں بھی سعودی فوج کے ایک اڈے پر گولہ باری کی جس کے بعد سعودی فوجی یہ اڈہ چھوڑ کے بھاگ گئے۔
یمن کے فوجیوں نے اسی طرح صوبہ مارب کے علاقے الکرفل میں سعودی حکومت کے زرخرید دہشت گردوں کے ایک اجتماع پر گولہ باری کرکے بہت سے دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
یمنی ذرائع نے اسی کے ساتھ رپورٹ دی ہے کہ سعودی اتحاد کا ایک جاسوس طیارہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات صوبہ صعدہ میں گر کر تباہ ہوگیا۔اس رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے صوبہ صعدہ کے علاقے سحار میں سعودی عرب کے ایک ڈرون طیارے کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں یہ طیارہ سحار کے مضافات میں واقع ربیع کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔
یمن کے دارالحکومت صنعا میں بھی ایک سیکورٹی ذریعے نے صنعا کے جنوبی علاقے میں سعودی اتحاد کا ایک جنگی طیارہ گرنے کی خبر دی ہے۔ اس سیکورٹی ذریعے نے بتایا ہے کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ کے نتیجے میں یہ لڑاکا طیارہ جنوبی صنعا میں واقع بلادالروس شہر کے مضافات میں گر کر تباہ ہوا ہے۔ یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ گر کر تباہ ہونے والا طیارہ ایف سولہ ہے۔ یمن کی فوج نے اس طیارے کے پائلٹ کی تلاش کا کام شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب یمن کے جنوبی علاقے میں فوج اور عوامی رضاکار دستوں کے مشترکہ آپریشن میں سعودی حکومت کے زرخرید درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
المسیرہ کے مطابق صوبہ تعز کے علاقے الضباب میں فوج اور عوامی رضاکار دستوں نے ایک مشترکہ آپریشن میں سعودی حکومت کے زرخریدوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت کے جنگی طیاروں نے اپنے زرخریدوں اور القاعدہ سے وابستہ دہشت گردوں کے لئے اسلحے گرائے تھے جن کو پانے کے بعد یہ دہشت گرد ایک بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے لیکن یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی ہوشیاری کے نتیجے میں ان کی سازش ناکام ہو گئی ۔ اس آپریشن میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکاروں نے اسی طرح صوبہ شبوہ کے علاقے بیجان سے بھی دہشت گردوں کو باہر نکال کے شہر میں امن قائم کر دیا ہے۔
یمن کی افواج نے یہ کامیابی ایسی حالت میں حاصل کی ہے کہ سعودی حکومت کے جنگی طیاروں نے دہشت گردوں کو بھر پور فضائی سپورٹ فراہم کرنے کی کوشش کی تھی