بحرین میں ظالمانہ حراست کا سلسلہ جاری
بحرین کی آل خلیفہ حکومت ملک کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی ظالمانہ حراست کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
منامہ پوسٹ نے بحرین میں انسانی حقوق مرکز کے رکن حسین رضی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ آل خلیفہ کے سیکورٹی اہلکاروں نے دارالحکومت منامہ کے بلاد القدیم اور الھمھلہ سمیت بعض علاقوں کے گھروں پر دھاوا بول کر پانچ بحرینی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے-
بحرین کے سیکورٹی اہلکار، تقریبا ہر روز اس ملک کے مختلف علاقوں پر حملہ کر کے آزادی، جمہوریت اور اپنی تقدیر کے فیصلے کا حق مانگنے والے جوانوں کو گرفتار کر رہے ہیں- ان گرفتاریوں کا سلسلہ ایسے عالم میں جاری ہے کہ اس وقت تقریبا دس ہزار سیاسی قیدی جیل میں ہیں جن میں ایک سو پچاس افراد کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے-
درایں اثنا بحرین کی کرمنل کورٹ نے پیر کو شہر نویدرات مطاردین کے شہری جعفر جاسم ماجد کو جنھیں حال ہی میں حراست میں لیا گیا تھا فوجی ٹریننگ حاصل کرنے اور عراق میں اسلحہ استعمال کرنے کے الزام میں دس سال قید کی سزا سنائی ہے اور ان کی شہریت سلب کر لی ہے- بحرین کے انسانی حقوق مرکز کی رپورٹ کے مطابق منامہ حکومت نے ایسے دو سو سے زیادہ فعال صحافیوں کی شہریت سلب کرلی ہے جنھوں نے آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت پر تنقید کی ہے -