شمالی قدس میں گیارہ فلسطینی زخمی
Nov ۱۱, ۲۰۱۵ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
-
شمالی قدس میں گیارہ فلسطینی زخمی
قدس کے شمال میں فلسطینیوں کے ساتھ صیہونی فوجیوں کی تازہ ترین جھڑپوں میں گیارہ فلسطینی زخمی ہو گئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے بدھ کے روز قدس کے شمال میں قلندیا کے علاقے میں صیہونی حکومت کے اقدامات کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں گیارہ فلسطینی زخمی ہو گئے۔ان فلسطینیوں کو ایسے حالات میں زخمی کیا گیا ہے کہ جب بدھ کی صبح تقریبا تیس صیہونی آباد کار صیہونی فوجیوں کی مدد سے باب المغاربہ کی جانب سے مسجد الاقصی میں داخل ہوئے اور انھوں نے اس مقدس کی توہیں کر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کی۔
دوسری جانب صیہونی فوجیوں نے دریائے اردن کے مغربی کنارے بیت لحم کے مشرق میں لڑکوں کے ایک ہائی اسکول پر دھاوا بول کر اسکول کے ہیڈماسٹر کو گرفتار کر لیا اور دھمکی دی کہ اگر اسکول کے طلبہ نے صیہونیت مخالف احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی تو اسکول کو بند کر دیا جائے گا۔ صیہونی فوجیوں نے کل بھی دریائے اردن کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے اکتالیس فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا تھا۔
واضح رہے کہ تحریک انتفاضہ قدس کے آغاز سے لے کر اب تک بیاسی فلسطینی صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہو چکے ہیں۔
ٹیگس