سعودی جارحیت کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے، انصاراللہ تحریک
Nov ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۹:۴۸ Asia/Tehran
یمن کے اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکہ، یمن پر حملوں میں سعودی عرب کی خفیہ طور پر حمایت کر رہا ہے۔
المیادین ٹی وی کے مطابق یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا کہ یمن کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ سعودی جارحیت کے پچھے امریکہ کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ خطے میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ محمد علی الحوثی کا کہنا تھا کہ امریکہ عالمی اداروں میں اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے انہیں سعودی عرب کے خلاف خاموش رہنے بھی مجبور کر رہا ہے۔ یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے ایک بار پھر کہا کہ یمن کی فوج اور عوامی رضا کارفورس کے جوان سعودی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے میزائیل سعودی دارالحکومت ریاض تک پہنچ سکتے ہیں، محمد علی الحوثی نے متنبہ کیا کہ اگر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمن پر حملے بند نہ کیے تو سعودی عرب کے دارالحکومت پر میزائیلوں کی بارش کردی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ یمن پر چھبیس مارچ سے جاری حملوں کے نتیجے میں سات ہزار سے زائد بےگناہ یمنی شہری شہید اور چودہ ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔