سعودی عرب یمنی قیدیوں کے حالیہ قتل عام کا ذمہ دار: انصاراللہ
انصار اللہ یمن نے سعودی عرب کو یمنی فوج اور عوامی کمیٹیوں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کے خلاف ہونے والی حالیہ دہشتگردی کا ذمہ دار ٹھرایا ہے ۔
یمن کے خبر رساں ادارے سبا کے مطابق انصاراللہ یمن کی سیاسی کونسل نے ایک بیان میں یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کے خلاف حالیہ دہشتگردانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کو ان واقعات کا ذمہ دار قرار دیا ہے ۔
انصاراللہ یمن کی سیاسی کونسل نے یہ بات زور دیکر کہی ہے کہ اگرسعودی عرب اور یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی قیدیوں کے تبادلہ کی معاہدہ میں رکاوٹیں کھڑی نہ کرتے تو یمنی فوج اور عوامی کمیٹیوں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کے قتل عام کا یہ سانحہ پیش نہ آتا۔
انصاراللہ یمن کی سیاسی کونسل کے اس بیان میں مزید آیا ہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں عرب اتحاد یمن کے جنوبی علاقوں میں داعش اور القاعدہ کی دہشتگردی اور انکے گھناؤنے جرائم کا ذمہ دار ہے اور سعودی حکومت مزید مہلت کے حصول اور یمن کے عوام کو تباہ و برباد کرنے کے لئے ان دہشتگردوں کو استعمال کررہی ہے۔
انصاراللہ یمن کی سیاسی کونسل نے اس بیان میں سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کی طرف سے انجام پانے والے جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اپنی تاریخی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے جارحیت کو رکوائے اور جارح سعودی حکومت سے اپنے تعلقات پر نظر ثانی کرے۔