صنعا پر سعودی لڑاکا طیاروں کی بمباری، متعدد شہری شہید و زخمی
-
صنعا پر سعودی لڑاکا طیاروں کی بمباری
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر بمباری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جارح سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے لڑاکا طیاروں نے سنیچر کی رات صنعا کے مختلف علاقوں پر بمباری کر کے متعدد عام شہریوں کو شہید کر دیا- سعودی عرب نے گزشتہ دن یمن کے مختلف علاقوں بالخصوص جنوبی صوبہ ضالع پر حملہ کر کے عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو شہید اور زخمی کر دیا-
درایں اثنا یمنی ذرائع نے سعودی اتحاد کا ایک جاسوس طیارہ مار گرائے جانے کی خبر دی ہے- یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان، صوبہ صنعا میں سعودی عرب کا ایک جاسوس طیارہ مار گرانے میں کامیاب ہوگئے ہیں-
سعودی عرب علاقے کے نو عرب ممالک کی مدد سے مارچ کے مہینے سے یمن پر بڑے پیمانے پر وحشیانہ حملے کر رہا ہے- سعودی عرب کے ان حملوں کا مقصد یمن کے مفرور و مستعفی صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں واپس لانا اور یمنی انقلابیوں کو جو عوام کو امن و سیکورٹی فراہم کئے ہوئے ہیں، برسراقتدار آنے سے روکنا ہے- سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے ان حملوں میں عورتوں اور بچوں سمیت اب تک ہزاروں یمنی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ دسیوں ہزار افراد در بدر اور اس ملک کی اسی فیصد بنیادی تنصیبات، سرکاری ادارے اور اسپتال تباہ و برباد ہوچکے ہیں-