شام کے بارے میں پیرس اجلاس
دنیا کے دس ممالک کے وزرائے خارجہ نے پیرس میں ایک اجلاس میں بحران شام کا جائزہ لیا
رپورٹ کے مطابق دس ممالک کے وزرائے خارجہ ، پیر کی رات پیرس میں اٹھارہ دسمبر کے مجوزہ نیویارک اجلاس کا ایجنڈہ طے کرنے اور بحران شام کی راہ حل تلاش کرنے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس میں اکٹھا ہوئے-
اس اجلاس کی صدارت فرانس کے وزیر خارجہ لوران فابیوس نے کی -
پیرس میں ہونے والے اس اجلاس میں امریکہ ، برطانیہ ، جرمنی ، اٹلی ، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، اردن ، قطر اور ترکی نے شرکت کی-
بحران شام کے حل کے لئے آئندہ اجلاس ویانا مذاکرات کے تناظر میں نیویارک میں ہوگا - ویانا مذاکرات گذشتہ مہینے ہوئے تھے اور اس میں ایران و روس سمیت سترہ ممالک نے شام کے سلسلے میں سیاسی رورڈ میپ تیار کرنے پر اتفاق کیا تھا-
ویانا مذاکرات میں جنوری میں شامی حکومت اور مخالفین کے نمائندوں کی ملاقات ، چھ ماہ میں ایک عبوری حکومت کی تشکیل اور اٹھارہ مہینے کے اندر انتخابات کا پروگرام مد نظر رکھا گیا ہے-