صیہونی آباد کاروں کے ہاتھوں ایک بار پھر مسجدالاقصی کی بے حرمتی
Jan ۱۰, ۲۰۱۶ ۲۰:۰۹ Asia/Tehran
صیہونی آباد کاروں نے اسرائیلی فوج کی پشت پناہی میں ایک بار پھر مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی ہے۔
فلسطین آن لائن کے مطابق صیہونی حکومت کے ایک گروہ نے اسرائیلی فوجیوں کی نگرانی میں اتوار کے روز مسجد الاقصی پر ہلہ بول دیا اور وہاں موجود نمازیوں کو زد و کوب بھی کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق صیہونی فوجیوں نے اس بے حرمتی کے خلاف احتجاج کرنے والے متعدد فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق صیہونی حکومت نے جنوب مغربی جنین کے علاقے بعید میں واقع فلسطینیوں کی زرعی اراضی پر قبضہ کر کے اسے فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔ صیہونی فوجی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں آباد فلسطینیوں کے گھروں کو مسلسل تباہ اور ان کی زرعی اراضی پر قبضہ کرتے چلے آ رہے ہیں۔