Apr ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۹:۰۸ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ سے احتجاج

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی پر اقوام متحدہ سے سخت احتجاج کیا ہے۔

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد الشیخ کے نام تحریک انصاراللہ کے مراسلے میں کہا کیا ہے کہ جارح سعودی فوج نے جنگ بندی کے ابتدائی لمحات میں ہی اس کی خلاف ورزی شروع کر دی تھی اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

انصاراللہ کے مراسلے میں آیا ہے کہ سعودی حکومت، جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے، مختلف علاقوں کو طرح طرح کے ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہی ہے۔

مراسلے میں، جوف صوبے میں اقوام متحدہ کی قائم کردہ جنگ بندی کی نگرانی کرنے والی مقامی کمیٹی کو نشانہ بنانے اور سعودی عرب کے اس اقدام پر اقوام متحدہ کی خاموشی کی مذمت کی گئی ہے۔

بیان میں سعودی عرب کے اس اقدام کو جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب جنگ بندی کی پاسداری میں سنجیدہ نہیں ہے۔

اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے نام اس مراسلے میں یہ بات زور دیکر کہی گئی ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے بحران کے حل میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔

انصار اللہ کے بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کر تے ہوئے جنگ بندی کی خلاف ورز ی کا سلسلہ بند کرانے کے لیے سعودی عرب پر دباؤ ڈالے۔

اس سے پہلے انصاراللہ کے ترجمان نے بھی سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی پے در پے خلاف ورزیوں پر سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے نتیجے میں امن کی امیدیں ٹوٹ جائیں گی۔

یمن میں تازہ جنگ بندی کا آغاز دس اپریل کو ہوا ہے جس کا مقصد اٹھارہ اپریل سے کویت میں شروع ہونے والے امن مذاکرات کے لیے ماحول سازگار بنانا ہے۔ تاہم سعودی عرب نے جنگ کے ابتدائی لمحات میں جنگ بندی کی خلاف ورزی شروع کر دی تھی۔

سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے مشرق وسطی کے غریب، عرب اور اسلامی ملک یمن پر جارحیت کا آغاز کیا تھا۔

سعودی جارحیت میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

یمن پر جاری سعودی جارحیت کے نتیجے میں یمن کی اسّی فی صد بنیادی تنصیبات تباہ ہوگئی ہیں۔