جزیرہ قشم کے روایتی کھانے
اسلامی جمہوریہ ایران کا خوبصورت جزیرہ قشم اپنے لذیذ کھانوں کے لئے بہت مشہور ہے۔ قشم کی روایتی غذائیں اپنے تنوع کے ساتھ ساتھ اپنی مثال آپ بھی ہیں
اسلامی جمہوریہ ایران کا خوبصورت جزیرہ قشم اپنے لذیذ کھانوں کے لئے بہت مشہور ہے۔ قشم کی روایتی غذائیں اپنے تنوع کے ساتھ ساتھ اپنی مثال آپ بھی ہیں۔ قشم کی خواتین ماضی سے لے کر اب تک اپنے ہنر، سلیقے اور اپنی مزیدار غذائوں کی تیاری میں اپنا ثانی نہیں رکھتیں۔ یہاں آنے والے مسافر اور مہمان فاسٹ فوڈ اور دیگر غذائیں کھانے کے بجائے یہاں کے روایتی کھانے کھانا ہی پسند کرتے ہیں۔ آئیے آپ کو قشم کی چند مزیدار ڈشوں کے بارے میں بتاتے ہیں۔
ماھی برشتہ:
قشم کے مقامی افراد مچھلی کے پیٹ کو صاف کر کے اس میں دھنیہ، پیاز، مرچیں، اور دیگر مصالحہ جات بھر کر اسے الیمونیم کے ورق میں لپیٹ کر اسے آگ یا کوئلے پر رکھ کر بھونتے ہیں۔ پھر اسے ایک پتیلی میں رکھ کر اس پر چند قطرے پانی کے چھڑک دیتے ہیں تاکہ ڈھکن بند ہونے پر تیل مچھلی کے کھال کے اندر جذب ہوجائے اور پھر اسکی کھال آسانی سے اتر سکے۔ قشم کے مقامی لوگ اس " ماھی برشتہ" کو کھجور کے ساتھ تناول کرتے ہیں۔
کلمبا:
یہ ڈش گندم، مچھلی، اور کچھ سبزیوں کو ملا کر بنائی جاتی ہے۔ سب سے پہلے گندم کو ابالا جاتا ہے اور مچھلی کو بھی نمک کے پانی اور ہلدی میں ابال کر اسکے کانٹے الگ کر لئے جاتے ہیں۔ پھر مچھلی کے گوشت کو الگ کر کےاس کو ہرا دھنیا اور سویا میں ملا کر ابلے ہوئے گندم میں ڈال دیا جاتا ہے۔ قشم میں یہ ڈش دیسی گھی میں تیار کی جاتی ہے۔
زیبون:
زیبون نامی اس ڈش میں سب سے پہلے آلو کو کاٹ کر تل لیا جاتا ہے پھر مچھلی کو مختلف مصالحے لگا کر تیل میں تل لیا جاتا ہے۔ پیاز کو ٹماٹروں کے ساتھ تھوڑی دیر تیل لیتے ہیں۔ ایک بڑے پتیلے میں جس میں پہلے سے ہی قشم کی معروف روٹی توموشی کو تیل ڈال کر بچھایا ہوا ہوتا ہے یہ تمام اجزا ڈال دیتے ہیں پھر اس پر پہلے سے تیار شدہ چاول ڈال کر دم پر رکھ دیتے ہیں۔ زیبون تیار ہے !
موفلک:
سب سے پہلے جو یا گندم کو تیل میں تل لیتے ہیں پھر اسے پانی میں بھگو دیتے ہیں۔ دوسری ڈشوں کی طرح اس دش میں بھی مچھلی کو نمک کے پانی اور ہلدی میں ابال لیتے ہیں تاکہ اسکے کانٹے الگ ہوجائیں پھر مچھلی کے گوشت کو پیاز کے ساتھ تل لیتے ہیں اور اسے پہلے سے تیار شدہ پانی میں ڈال دیتے ہیں۔ جب پانی ابلنے لگتا ہے تو اس میں گندم ملا دیتے ہیں۔ پانی کے خشک ہونے کا انتظار کیا جاتا ہے تاکہ اسے دم لگایا جا سکے۔
ھواری:
پیاز کو تلنے کے بعد اس میں دھنیا، سویا، لہسن اور دیگر سبزیاں ملائی جاتی ہیں پھر انہیں تل لیا جاتا ہے۔ اسکے بعد اس میں مچھلی ڈال کر اسے سرخ کیا جاتا ہے اور مرچ، ہلدی اور دیگر مصالحے ملا کر پہلے سے تیار شدہ چاولوں میں ڈال کر اسے دم لگا دیا جاتا ہے۔
عنکاس:
عنکاس نامی ڈش مچھلی کے چوکور ٹکڑوں سے بنائی جاتی ہے۔ مچھلی کے ٹکڑوں میں پانی اور کھجوریں ملا کر اسے پکایا جاتا ہے۔ پھر پیاز تل کر مچھلی کو اس میں ملا دیا جاتا ہے۔ آلو، ہری مرچ، ٹماٹر کا پیسٹ، نمک، اور دیگر مصالحے ملا کر اسے ہلکی آنچ پر پکنے کے لئے رکھ دیا جاتا ہے۔
نان توموشی:
یہ قشم کی اسپیشل روٹی ہے جو بہت زیادہ پتلی اور گول ہوتی ہے۔ اس روٹی میں انڈے اور پنیر کا پیسٹ ملا کر ڈالا جاتا ہے اور اسے اسپیشل چٹنی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ ھواری چکو میگ جو خشک جھینگوں سے بنائی جاتی ہے اور سفرہ ماھی یا برنج دیشو سمیت انواع و اقسام کی مزیدار غذائیں قشم میں کھانے کو ملتی ہیں جن کا پوری دنیا میں کوئی ثانی نہیں ہے۔