ہندوستان: گجرات میں زہریلی شراب پینے سے 9 افراد ہلاک
ریاست گجرات کے بھاؤ نگر علاقے میں زہریلی شراب پینے سے 9 افراد کی موت ہو گئی ہے اور زہریلی شراب پینے والوں میں 20 سے زیادہ افراد کا ہسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں 4 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 21 ملزمان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جا چکی ہے، جن کے اوپر زہریلی شراب بنانے اور فروخت کرنے کا الزام ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گجرات ’ڈرائی اسٹیٹ‘ ہے، جہاں شراب تیار کرنے، فروخت کرنے اور استعمال کرنے پر پابندی ہے۔
بھاؤنگر کے ایس پی نتیش پانڈے نے خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ سے بات چیت میں بتایا کہ زہریلی شراب کا استعمال کرنے والے 25 سے 28 افراد زیر علاج ہیں۔
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کے اجین کے کھرکری سے اور گجرات کے بھاؤنگر سے اب تک 21 ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے۔ ان تمام ملزمان کے خلاف معاملہ درج کیا جا چکا ہے۔
پولیس کے مطابق اس شراب کو اجین سے لایا جاتا تھا۔ اس کے بعد اسے بھاؤنگر اور آس پاس کے علاقوں میں لوگوں کے درمیان تقسیم کرنے سے قبل اس میں ملاوٹ کی جاتی تھی۔
پولیس اب پوری سپلائی چین کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے، جس کے تحت یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ آخر کیسے لوگوں تک شراب پہنچائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس یہ بھی پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ شراب کے بچے ہوئے باقی حصے کو کیسے اور کہاں پر بھیج دیا جاتا تھا۔ اس سلسلے میں کیمیکل جانچ کی رپورٹ کے حوالے سے بھی ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel