ہندوستان نے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ملاقات کی تجویز پیش کی ہے، سرتاج عزیز
Aug ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۱ Asia/Tehran
خارجہ امور میں پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ملاقات کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم کے خارجہ امور میں مشیر سرتاج عزیز نے اتوار کے روز کہا ہے کہ ہندوستان نے تیئیس اور چوبیس اگست کو اس ملاقات کے انعقاد کی تجویز پیش کی تھی تاہم پاکستان کی جانب سے اب تک اس تجویز کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ہندوستان کے ذرائع ابلاغ نے بھی اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے اعلی عہدے دار اگست کے مہینے میں ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم، نواز شریف اور نریندر مودی نے جولائی کے مہینے میں اوفا اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں قومی سلامتی کے مشیروں کے مابین ملاقات سے اتفاق کیا تھا۔ ہندوستان میں نئی حکومت کے برسر اقتدار آنے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی شرکت کے باوجود حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ گذشتہ دنوں سیکریٹری خارجہ کی سطح پر بھی مذاکرات کا آغاز ہوا تھا تاہم ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے مخالف رہنماؤں سے پاکستان کے ہائی کمشنر کی ملاقات پر نئی دہلی کی برہمی بظاہر مذاکرات میں تعطل کا باعث بنی ہے۔