Aug ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۰:۰۲ Asia/Tehran
  • تحریک انصاف کا پارلیمنٹ میں واپسی کا اعلان

پاکستان میں تحریک انصاف نے پیر کے روز سے قومی اسمبلی میں واپسی کا اعلان کردیا ہے-

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے- ان کا کہنا تھا کہ خود عمران خان بھی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، وہ کارروائی میں حصہ لیں گے اور فعال اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے- شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پوری قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر تحریک انصاف کے ممبران کو رکن تسلیم کر لیا ہے- واضح رہے کہ تحریک انصاف نے حکمراں جماعت پر دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے احتجاج کے طور پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا-