Aug ۲۷, ۲۰۱۵ ۲۲:۳۱ Asia/Tehran
  • کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے کارکنوں کو ملنے والی دھمکیوں میں اضافہ

پاکستانی ذرائع ابلاغ نے کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے کارکنوں کو نامعلوم افراد کی طرف سے ملنے والی دھمکیوں میں اضافے کی خبر دی ہے-

پاکستان کے اخبار "ایکسپریس ٹریبیون" نے جمعرات کے روز ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع پاکستانی سفارت خانے کے سفارت کاروں اور دیگر کارکنوں نے اغوا کئے جانے کی دھمکیوں کے سبب سفارت خانے سے باہر آنا جانا محدود کر دیا ہے- رپورٹ کے مطابق بعض نامعلوم افراد نے حال ہی میں کابل کے ایک علاقے میں پاکستان کے ایک سفارت کار کو، جو ایک ملاقات کے لئے سفارت خانے سے باہر جا رہے تھے، دھمکی دے کر ملاقات منسوخ کرنے اور واپس سفارت خانے جانے پر مجبور کر دیا- ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے افراد کو سفارت خانے سے باہر ایسے افراد کی موجودگی کا پتہ چلا ہے جو سفارت خانے میں سفارت کاروں اور دیگر کارکنوں کی آمد و رفت کی ویڈیو فلم بناتے ہیں- بتایا جاتا ہے کہ اسلام آباد میں افغانستان کے سفیر جانان موسی زئی کو اس سے پہلے پاکستانی وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا تھا اور ان کو دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی اور بعض دیگر مسائل کے بارے میں پاکستانی تشویش سے آگاہ کیا گیا تھا- ان سے کہا گیا تھا کہ افغانستان میں پاکستانی شہریوں اور سفارت کاروں کی حفاظت کی ذمہ داری حکومت افغانستان کی ہے-