ایم کیو ایم کا حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان
Sep ۰۳, ۲۰۱۵ ۰۹:۲۹ Asia/Tehran
-
ایم کیو ایم کا حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان
متحدہ قومی موومنٹ نے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ اعلان بدھ کو رات گئے کراچی اور لندن میں رابطہ کمیٹی کے ایک ہنگامی اجلاس میں غور و خوض کے بعد پریس کانفرنس میں کیا گیا۔اسلام آباد میں موجود ایم کیو ایم کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے میں سنجیدہ نہیں لہذا وہ مذاکرات ختم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو استعفے دیے بیس دن ہو گئے لیکن ہمارے تحفظات دور کرنے کیلیے کوئی قدم نہیں اٹھایاگیا۔
انہوں نے ایک بارپھر اپنی پارٹی کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے اور اس کی سیاسی سرگرمیوں پر غیر آئینی اور غیراعلانیہ پابندیاں لگا دی گئیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جب ایم کیوایم کا سیاسی کردارہی ختم کردیاگیا تو پھر اراکین اسمبلیوں میں جاکر کیا کریں گے۔لہذا حکومت فی الفور ان کے استعفے منظور کرے۔
قابل ذکر ہے کہ ایم کیو ایم نے رینجرز آپریشن کے دوران پارٹی دفاتر پر چھاپوں، عہدے داروں کی گرفتاریوں اور مبینہ گمشدگیوں پر احتجاجا پچھلے مہینے پارلیمنٹ سے استعفے دے دیے تھے۔