پاکستان: آصف زرداری کے بیانات پر نواز شریف کا رد عمل
Sep ۰۸, ۲۰۱۵ ۲۱:۰۴ Asia/Tehran
پاکستان کے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری کے حالیہ بیانات کو مایوس کن قرار دیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے منگل کے دن اپنے ایک بیان میں کہا کہ آصف علی زرداری کے بیانات سے ان کو مایوسی ہوئی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ ہر پارٹی کے ساتھ احترام سے پیش آتے ہیں اس لئے آصف علی زرداری کے بیانات بقول ان کے قابل فہم نہیں ہیں۔ پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف جاری آپریشن کے سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔ محمد نواز شریف نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پاکستان کی دولت لوٹنے والوں کے ساتھ کسی امتیازی سلوک کے بغیر کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے سیاسی جماعتوں کے خلاف نواز شریف کی حکومت کے حالیہ اقدامات کو رائے عامہ کو فریب دینے کی کوشش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی وفاقی حکومت ان اقدامات کے ذریعے اپنے اتحادی دہشت گردوں کو نجات دلانے کے درپے ہے۔ آصف علی زرداری نے مزید کہا ہے کہ اسلام آباد کی حکومت سیاسی جماعتوں اور پیپلزپارٹی سے انتقام لے رہی ہے۔