Dec ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۶:۴۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث چار مجرموں کو پھانسی
    پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث چار مجرموں کو پھانسی

پاکستان میں دہشت گردی کے مشہور واقعے میں ملوث چار مجرموں کو پھانسی دے دی گئی۔

ہمارے نمائند کے مطابق چاروں دہشت گرد پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردی کے مشہور واقعے میں ملوث تھے۔

چاروں مجرموں کو بدھ کی صبح صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی جیل میں تختہ دار پر لٹکادیا گیا۔ چاروں مجرموں کو فوجی عدالتوں کی جانب سے سزائے موت سنائی گئی تھی۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے تیس نومبر کو مذکورہ چاروں دہشت گردوں کے بلیک وارنٹ پر دستخط کیے تھے۔ پاکستان کے صدر ممنون حسین نے مذکورہ دہشت گردوں کی جانب سے رحم کی اپیلیں پہلے ہی مسترد کر دی تھیں۔

یاد رہے کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر سولہ دسمبر دوہزار چودہ کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں نے حملہ کر کے ایک سو چالیس کے قریب معصوم بچوں سمیت دیڑھ سو سے زیادہ افراد کو شہید کر دیا تھا۔

پاکستان میں گزشتہ چھے سال سے غیراعلانیہ طور پر پھانسی کی سزا پرعملدر آمد پر پابندی عائد تھی تاہم آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد اسے ختم کر دیا گیا تھا۔

دسمبر دوہزار چودہ کے بعد سے پاکستان میں تین سو کے قریب دہشت گردوں اور قتل کے مجرموں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔ حکومت پاکستان نے رواں برس اپریل میں آئین میں ترمیم کر کے دو سال کے لیے فوجی عدالتیں قائم کی تھیں جس کے بعد اس کے خلاف عدالتی کارروائی بھی کی گئی البتہ اگست میں سپریم کورٹ نے اکیسویں آئینی ترمیم کے حق میں فیصلہ سنایا اور یوں فوجی عدالتوں کو باقاعدہ کام کرنے کی اجازت ملی۔

ٹیگس