ہندوستان اور پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیروں نے بینکاک میں ملاقات کی ہے
Dec ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۹:۴۴ Asia/Tehran
ہندوستان اور پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیروں نے بینکاک میں ایک دوسرے سے ملاقات اور مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں اجیت ڈووال اور ناصر جنجوا کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہندوستان اور پاکستان کے خارجہ سیکریٹری بھی موجود تھے۔ فریقین نے ملاقات کو مثبت اور تعمیری قراردیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان یہ ملاقات، پیرس اجلاس کے موقع پر دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان غیر رسمی بات چیت کے تناظر میں انجام پائی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیروں نے امن و سلامتی اور دہشت گردی جیسے معاملات کے علاوہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس ملاقات کے بعد ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
قابل ذکرہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان تیئس اور چوبیس اگست کو طے شدہ ملاقات اس وقت منسوخ کردی گئی تھی جب کشمیر ی رہنماؤں کے ساتھ نئی دہلی میں مجوزہ ملاقات کے معاملے پر دونوں ملکوں کے درمیان تعطل پیدا ہوگیا تھا۔ ہندوستان چاہتا تھا کہ دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ملاقات صرف دہشت گردی کے معاملے تک محدود رہے جبکہ پاکستان دہشت گردی کے ساتھ ساتھ کشمیر کے معاملے پر بھی بات چیت کے لیے زور دے رہا تھا۔