ہندوستان کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات پھر شروع ہوں گے: نواز شریف
Dec ۳۰, ۲۰۱۵ ۲۰:۲۷ Asia/Tehran
وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے کہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات پھر شروع ہوں گے۔
وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں اقتصادی راہداری کے ایک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی لاہور آئے اور چند گھنٹے ہمیں دئے - انہوں نے کہا کہ اس بات چیت کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے مذاکرات کا دور پھر سے شروع ہوگا -
نواز شریف نے کہا کہ دنیا میں بڑے بڑے معاملات بات چیت کے ذریعے حل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے لئے وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے دشمن بن کر نہ رہیں- اس موقع پرانہوں نے ژوب میں اقتصادی راہداری کے منصوبے پر سیاسی جماعتوں کی حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقتصادی راہداری ہے اور ملکی خوشحالی کی ابتدا بلوچستان سے ہو گی۔