Jan ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۵ Asia/Tehran
  • پاکستان کے مشیر خارجہ نے افغانستان اور پاکستان میں بدامنی جاری رہنے کے بارے میں امریکی صدر کا بیان مسترد کردیا

پاکستان کے مشیر خارجہ نے افغانستان اور پاکستان میں بدامنی جاری رہنے کے بارے میں امریکی صدر کے بیان کو مسترد کر دیا۔

وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برای خارجہ امور سرتاج عزیز نے جمعے کو اسلام آباد میں ایک سمینار سے خطاب کے دوران افغانستان اور پاکستان میں بدامنی اور تشدد جاری رہنے کے بارے میں امریکی صدر باراک اوباما کے بیان کے بارے میں کہا کہ یہ ان کی پیش گوئی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے بہت زیادہ کوششیں کی ہیں۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ دنیا بہت جلد پاکستان میں امن و استحکام کا مشاہدہ کرے گی۔

یاد رہے کہ امریکا کے صدر بارک اوباما نے بدھ کو امریکی کانگریس میں اپنے آخری سالانہ خطاب میں کہا تھا کہ داعش اور القاعدہ کے ہوتے ہوئے افغانستان اور پاکستان جیسے ملکوں میں امن و استحکام کی بحالی کا امکان بہت کم ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ افغانستان اور پاکستان سمیت بعض ملکوں میں کئی عشرے تک امن و استحکام بحال نہیں ہو سکے گا۔