افغان قیادت چارسدہ یونیورسٹی پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری میں مدد دے: پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے افغان قیادت سے چارسدہ یونیورسٹی پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری میں مدد دینے کی درخواست کی ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے افغان صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ اور افغانستان میں نیٹو کے کمانڈر جنرل جان کیمبل کو ٹیلی فون کرکے چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر ہونے والے حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں چارسدہ یونیورسٹی میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں ملوث عناصر کو تلاش کرنے اور انہیں ہدف بنانے میں تعاون کی درخواست کی۔پاکستانی فوج کے ترجمان نے اپنے ٹوئٹ پر لکھا ہے کہ اب تک کی تحقیقات کے مطابق چار سدہ میں یونیورسٹی پر دہشت گردانہ حملے کو افغانستان میں تحریک طالبان پاکستان کا ایک کارندہ کنٹرول کررہا تھا۔قابل ذکرہے کہ بدھ کے روز چارسدہ میں واقع باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے میں اکیس طالبعلم جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی ۔ یہاں اس بات کا ذکر بھی ضروری ہے کہ سولہ دسمبر دوہزا چودہ کو بھی طالبان کے دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرکے ایک سو چوالیس بچوں سمیت ایک سو پچاس افراد کو شہید کردیا تھا۔