ایران اور پاکستان کو ایک دوسرے کا انتہائی قابل اعتماد دوست سمجھتے ہیں: چیئرمین سینیٹ پاکستان رضا ربانی
پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے ایران اور پاکستان کو ایک دوسرے کا انتہائی قابل اعتماد دوست قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں فارس نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے کہا کہ خطے کے تمام ملکوں میں ایران ہمارا سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست ملک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں ایران اور پاکستان کے تعلقات اتنہائی پائیدار ہیں اور کوئی بھی چیز ہمارے گہرے تعلقات پر منفی اثرات مرتب نہیں کر سکتی۔ رضاربانی کا کہنا تھا کہ پاکستان پابندیوں کے خاتمے کا خیرمقدم کرتا ہے اور عالمی سطح پر تجارتی اور اقتصادی ترقی کی راہ میں ا یران کا بھرپور ساتھ دے گا۔
پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان اور ایران دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد میں ایک دوسرے کے ساتھ متفق ہیں اور مشترکہ سرحدوں پر پائی جانے والی سیکورٹی دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا مثالی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری صداقت کے ساتھ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کرنا چاہتا ہے۔ رضا ربانی نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ نے یمن فوج بھیجنے کی مخالفت کی تھی اور سعودی فوجی اتحاد میں شمولیت کی بھی مخالف ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ سینیٹ، حکومت پاکستان کو کسی بھی ایران مخالف فوجی یا اقتصادی اتحاد میں شمولیت کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ سینٹر رضا ربانی نے اپنے ملک میں بجلی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آن پہنچا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک توانائی کے شدید بحران سے دوچار ہے اور ایسے حالات میں ہمیں ایران سے گیس درآمد کرنے کی اشدضرورت ہے۔