پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کو یکساں فائدہ پہنچا سکتے ہیں، نواز شریف
پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے باہمی تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کو یکساں فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں متعین ہندوستان کے ہائی کمشنر گوتم بمباوالے نے بدھ کو پاکستانی وزیر اعظم سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے تعلقات اور دیگر امور پرتبادلہ خیال ہوا۔ پاکستانی وزیر اعظم نے کہا ہمسایہ ملکوں سے اچھے تعلقات پاکستان کی پالیسی کا حصہ ہیں۔ ہندوستان کے ہائی کمشنر نے بھی پاکستانی وزیر اعظم کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک بھی پڑوسی ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ ملاقات ایک ایسے وقت انجام پائی ہے جب ایک روز قبل پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اس بات کی تصدیق کردی تھی کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پر دہشت گردانہ حملے میں استعمال کیا جانے والا فون نمبر، جو ہندوستان نے پاکستان کو دیا تھا، کالعدم تنظیم جیش محمد کے بہاولپور ہیڈ کوارٹر کا تھا۔