Mar ۰۴, ۲۰۱۶ ۱۹:۵۹ Asia/Tehran
  • پاکستانی کرکٹ ٹیم، سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد ہی ہندوستان بھیجی جائے: نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جائزہ ٹیم ہندوستان بھیجنے جانے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستانی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونےوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لئے پاکستانی ٹیم بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ سیکورٹی ٹیم کی جانب سے جمع کرائی جانے والی رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا - وزیراعظم پاکستان نے وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کی مدد سے پاکستانی ٹیم کے لئے فول پروف سیکورٹی کویقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں - وزیراعظم پاکستان نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیاہے جب ہندوستان کے کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مکمل سیکورٹی فراہم کرے گا - بی سی سی آئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان میں پاکستانی ٹیم کے میچ شیڈول کے مطابق ہوں گے اور پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو پوری سیکورٹی فراہم کی جائے گی - یاد رہے کہ اس سے پہلے ریاست ہماچل پردیش کے وزیراعلی نے کہا تھا کہ ان کی حکومت دھرم شالہ شہر میں انیس مارچ کو ہونے والے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کی سیکورٹی فراہم نہیں کرسکتی - انہوں نے مرکزی حکومت سے کہا تھا کہ وہ خود اس میچ کی سیکورٹی کا انتظام کرے یا دھرم شالہ شہر میں میچ نہ کرائے -