Mar ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۹:۴۱ Asia/Tehran
  • نیپال میں سشما سوراج اور سرتاج عزیز کی باضابطہ ملاقات

نیپال میں ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج اور پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے درمیان باضابطہ ملاقات ہوئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق نیپال کے شہر پوکھرا میں ہونے والے سارک وزارتی اجلاس کے موقع پر ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج اور پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے درمیان جمعرات کے روز باضابطہ ملاقات ہوئی۔

اس ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ ملاقات کافی مفید اور خوشگوار رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنے بھی ہمارے ایشوز تھے ان کو اس میٹنگ میں بڑی خوش اسلوبی سے طے کیا گیا ہے اور تمام ایشوز پر سمجھوتا اور معاہدہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری ملاقات کا بنیادی مقصد سارک سربراہ کانفرنس کا دعوت نامہ دینا تھا۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اکتیس مارچ کو نیویارک جا رہے ہیں اور امید ہے کہ امریکا میں پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات ہوگی۔

ادھر سشما سوراج نے بھی اس ملاقات کو مثبت قرار دیا ہے۔

ملاقات کے بعد سشما سوراج نے کہا کہ پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں پاکستانی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم، جے آئی ٹی، ستائیس مارچ کو ہندوستان پہنچے گی اور اگلے دن کام شروع کردے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اسلام آباد میں نومبر میں ہونے والے سارک سربراہی اجلاس کا دعوت نامہ قبول کرلیا ہے جو پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے سرتاج عزیز نے پیش کیا۔

ٹیگس