صدر ایران کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، نواز شریف
پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔
اسلام آباد میں متعین ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم نے ایران کے خلاف عالمی پابندیوں کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے سے پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ صدر ایران کے دورہ اسلام آباد میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں معاشی بحالی اور توانائی کے بحران پر قابو پانا اولین ترجیح ہے جبکہ معاشی استحکام کا حصول اور ترقی، خطے میں استحکام سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں دستیاب کاروباری مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کا خواہشمند ہے۔ وزیراعظم نواز شریف اور ایرانی سفیرمہدی ہنر دوست نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر تبادلہ خیال کیا۔