دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آپریشن جاری رہے گا: نواز شریف
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آپریشن جاری رہے گا۔
سانحہ لاہور کے ایک دن کے بعد اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ ایسے موقع پر قوم سے مخاطب ہیں کہ جب دہشت گردوں نے لاہور کے گلشن اقبال پارک، چار سدہ یونیورسٹی سمیت دیگر مقامات کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ لاہور پر پوری قوم سوگ میں ہے تاہم وہ قوم کے سامنے اس بات کا عزم کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔
پاکستان کے وزیراعظم نے گزشتہ حکومتوں کو حالیہ دہشت گردی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ تیرہ برس میں کسی نے بھی بقول ان کے اس فتنے کی آنکھوں می آنکھیں ڈال کر نہیں دیکھا تھا۔
نواز شریف نے دہشت گردوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جان لیں کہ ناکامی اور نامرادی ان کا مقدر بن چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب رکھے ہوئے ہیں اور جلد قرضہ چکایا جائے گا جبکہ اس کی آخری قسط ادا ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں ہماری فوج، پولیس اور پیرا ملڑی فورسز نے اپنی قیمتی جانیں پیش کی ہیں۔ انھوں نے قوم سے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آپریشن جاری رہے گا۔