پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کا پٹھان کوٹ ایئر بیس کا دورہ
پاکستان کے پریس ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم نے ہندوستان میں پٹھان کوٹ ایئر بیس کا دورہ کیا ہے۔
ان ذرائع کے مطابق پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم پٹھان کوٹ ایئر بیس کا دورہ مکمل کر کے واپس نئی دہلی چلی گئی۔
دوسری جانب ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو پٹھان کوٹ ایئر بیس میں محدود رسائی دی گئی۔ حکومت ہندوستان نے پاکستان کی ٹیم کو ایئر بیس کے مرکزی دروازے سے اندر جانے اور واپس آنے کی بھی اجازت نہیں دی اور اس مقصد کے لئے ایک علیحدہ گیٹ تیار کیا گیا جس سے پاکستانی ٹیم ایئر بیس میں داخل ہو سکی۔
پاکستانی ٹیم نے ایئر بیس کے اندر صرف حملہ آوروں کے ساتھ جھڑپ اور ان کے چھپنے کے مقام کا معائنہ کیا۔ ٹیم کو ایئر بیس کے بعد ایس پی سلوندر سنگھ کے اغوا اور ان کی گاڑی ملنے کی جگہ کا بھی معائنہ کرایا گیا۔
پاکستان کی ٹیم نے بیمل بارڈر کا بھی دورہ کیا جس کے بارے میں ہندوستانی حکام کا دعویٰ ہے کہ حملہ آور ان کے ملک میں اس مقام سے ہی داخل ہوئے۔
پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کے پٹھان کوٹ ایئر بیس پہنچنے سے پہلے کچھ انتہا پسند پٹھان کوٹ ایئر بیس پہنچے اور انہوں نے پاکستانی ٹیم کی پٹھان کوٹ آمد پر شدید احتجاج کیا۔