May ۱۵, ۲۰۱۶ ۲۱:۰۷ Asia/Tehran
  • حکومت کا رویہ نہ بدلا  تو سڑکوں پر  آنے پر مجبور ہو جائیں گے، مجلس وحدت مسلمین

مجلس وحد مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے فوج سے فرقہ وارانہ بنیاد پر ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بند کرانے کی اپیل کی ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھے راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں فرقہ واریت کی بنیاد پر لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے، لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا خیبر پختونخوا میں ہمارے پروفیشنلز کو مار دیا گیا ہے اور فاٹا کی جیل میں قیدیوں پر روزانہ تشدد کیا جا رہا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کا یہی رویہ رہا تو سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے اپیل کی کہ فاٹا والے معاملے پر انکوائری کمیشن قائم کیا جائے۔

قابل ذکر ہے کہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عبا س تین روز سے اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔