دہشت گردوں کا زور ٹوٹ گیا ہے، پاکستانی وزیراعظم
Jun ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردوں کا زور ٹوٹ چکا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے دو سال مکمل ہونے پر اپنے ایک پیغام میں پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ اس آپریشن سے قوم کو دوبارہ امن نصیب ہوا ہے اور پاکستانی قوم خارجی اور داخلی دشمنوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار بن گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردوں کا زور ٹوٹ چکا ہے اور وہ جلد ہی تاریخ کے کوڑے دان کا حصہ بن جائیں گے۔
ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ضرب عضب کے ثمرات کسی صورت رائیگاں نہیں جانےدیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پندرہ سال سے موجود سولہ ممالک تاحال امن قائم نہیں کر سکے لیکن پاکستانی فوج نے دو سال کے قلیل عرصے میں ضرب عضب آپریشن کے ذریعے اپنے ملک میں امن بحال کیا۔