Jun ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۹:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام کے مظاہرے

پاکستان کے پنجاب اور خیبر پختونخوا صوبوں کے مختلف شہروں میں لوگوں نے رمضان المبارک میں بھی طویل دورانئےکی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ہیں۔

ڈیرہ غازی خان، بھکر، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان شہروں میں لوگوں نےسڑکوں پر نکل کر رمضان المبارک میں بجلی کی خراب سپلائی اور طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا۔

مظاہرین نے بعض علاقوں میں احتجاج کے دوران زبردستی لوگوں کی دوکانیں بندکرا دیں اور سرکاری املاک کونقصان پہنچایا- مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت نے رمضان المبارک میں بجلی کی سپلائی بہتر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس کے باوجود طویل دورانئے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے-

خبروں میں بتایاگیا ہے کہ مظاہرین نے جہانگیرہ اور صوابی روڈ کو بھی بندکر دیا جس کے باعث اس اہم شاہراہ پر ٹریفک جام ہو گیا-

صوابی انتظامیہ کے عہدیداروں نے اگرچہ مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی لیکن مشتعل مظاہرین نے انتظامیہ سے بات چیت کرنے سے انکار کر دیا- صوابی میں مظاہرین کے درمیان اشتعال کو بڑھتا دیکھ کر پولیس نے ہوائی فائرنگ کر کے انہیں منتشرکرنے کی کوشش کی-

ڈیرہ غازی خان میں مظاہرین نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف لالٹین مارچ نکالا اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شدید احتجاج کیا - ڈیرہ اسماعیل خان اور بھکر میں بھی اسی طرح کے احتجاجی مظاہرے کئے گئے-

 

 

ٹیگس